کھیل
Time 15 اپریل ، 2020

پاکستان کی میزبانی سے انکار کے باوجود بھارتی ویمن ٹیم کو یکساں پوائنٹس مل گئے

— فوٹو: فائل 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے  پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو 3، 3 پوائنٹس دے دیے۔

بھارت نے گزشتہ برس پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا تھی لیکن حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر بھارتی بورڈ نے سیریز کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز نہ ہونے کی صورت میں پوائنٹس کے حوالے سے آئی سی سی سے رابطہ کیا تھا۔

آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت ویمن کرکٹ ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کا فیصلہ کیا  اور دونوں ٹیموں کو 3، 3پوائنٹس دیے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا جبکہ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز ملتوی ہونے کے بعد آئی سی سی نے چاروں ٹیموں میں یکساں پوائنٹس تقسیم کر دیے ہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی تھی، تب پاکستان نے نیوٹرل مقام پر بھی کھیلنے کی پیشکش کی تھی مگر سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو پوائنٹس پاکستان کو دینے پڑے تھے۔

مزید خبریں :