Time 15 اپریل ، 2020
کھیل

رومان رئیس کا لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کیلئے کرکٹ کا سامان نیلام کرنے کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی غرض سے اپنا کرکٹ  کا سامان نیلام کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ  بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 28 سالہ بولرگزشتہ چند دنوں سے کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن سے متاثرین میں راشن کی تقسیم کا کام کرر رہے ہیں۔

اس کام کو جاری رکھنے کے لیے رومان رئیس نے چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو پر پہننے والی اپنی ون ڈے کیپ، اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے 2 مرتبہ  پاکستان سپر لیگ  جیتنے والی شرٹ، کرکٹ بیٹ اور پاکستان ٹیم کی ٹی شرٹ نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رومان رئیس کے مطابق نیلامی کا عمل 16 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گا اور جمع ہونے والی رقم سے متاثرین کو راشن اور رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔

پاکستان کی جانب سے 8 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور 9 ایک روزہ میچز کھیلنے والے رومان رئیس کا کہنا ہے کہ وہ تمام تفصیلات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردیں گے۔

رومان رئیس نے بتایا کہ انہوں نے ابتداء میں از خود 30 خاندانوں کی مددکاسوچ کرکام شروع کیا تھا لیکن حالات دیکھ کر اندازہ ہوا کہ کام جاری رہنا چاہیے جس کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم کو باضابطہ طور پر شروع کیا اور اب یہ کام رمضان المبارک میں بھی جاری رکھنا ہے۔

مزید خبریں :