کھیل
Time 13 اپریل ، 2020

سابق انگلش کرکٹرکیون پیٹرسن نے بھی' وزیر اعظم کوروناریلیف فنڈ' کی حمایت کردی

سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کی حمایت کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ دنوں کورونا سے نمٹنے کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنے ایک حالیہ پیغام میں وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناوائرس کی وبا کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے 'وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے کووڈ 19' میں فراخدلی سے عطیات دیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ساری دنیا کوروناوائرس کی اس وبا کےخلاف نبردآزما ہے جس کےلیے لاک ڈاؤن کرنا پڑا،لاک ڈاؤن نے پاکستان سمیت عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات کے تناظر میں ہمیں ریلیف فنڈ میں مزید رقم کی ضرورت ہے اس لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اس حوالے سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے ٹوئٹر پر ویب سائٹ (http://covid.ophrd.gov.pk/) کا لنک بھی دیا ہے جس کے ذریعے اوور سیز پاکستانی آسانی سے اپنے عطیات جمع کراسکتے ہیں۔

وزیراعظم کے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کی حمایت میں بہت سے پاکستانیوں کے ساتھ سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن بھی میدان میں آگئے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ عمران خان فرنٹ پر رہ کر قیادت کررہے ہیں،سب کو کورونا ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے۔

کیون پیٹرسن کا مزید کہنا تھا کہ 'اپنے ملک کی مدد کریں ایسے وقت میں جب اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، مجھے معلوم ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی یہ کرسکتے ہیں'۔

ان کے علاہ سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہیلہ نے بھی اوورسیز پاکستانیوں سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کی اپیل ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی قوم سے عطیات دینے کی اپیل کی ہے ۔


مزید خبریں :