16 اپریل ، 2020
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں صرف کم رسک والی انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور، شیخوپورہ اور گردونواح کے شہروں کا فضائی دورہ کرتے ہوئے مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کی بندش کا مشاہدہ کیا اور سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مختلف شہروں کے صنعتی علاقوں کا بھی معائنہ کیا اور لاک ڈاﺅن کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے جزوی لاک ڈاون میں 25 اپریل تک توسیع کی ہے جس میں صرف کم رسک والی انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گروسری اسٹورز،کریانہ کی دوکانیں، بیکریز، آپٹشنز، پیسٹی سائیڈز، بیچ اورکھاد کی دوکانیں، آٹوورکشاپس، زرعی مشینری کی ورکشاپس اور وینڈرزصبح 9 سے 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام مارکیٹیں ،شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اورسرکاری و نجی دفاتربند ہیں، صرف سرکاری محکموں کی جانب سے نوٹیفائیڈ سرکاری ملازمین کو دفتر آنے کی اجازت ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی، ڈبل سواری پر بھی پابندی برقرار رہے گی جب کہ سماجی و مذہبی اجتماعات پر پابندی جاری رہے گی، علاوہ ازیں صوبے بھر میں تقریبات، میلوں،کھیلوں کے مقابلوں، جم اور اسنوکر کلبوں پر بھی پابندی جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شادی ہالز، مارکیٹس، تعلیمی ادارے، ٹیوشن سینٹرز اور دینی مدارس بھی 25اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ساتھ ہی امتحانات کے انعقاد پر پابندی میں بھی توسیع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے تک توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل تک بڑھا دیا ہے تاہم اس دوران کچھ شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔