Geo News
Geo News

کھیل

پی سی بی کا آئی سی سی کے پوائنٹس کی تقسیم کے فیصلے پر حیرت کا اظہار

گزشتہ روز آئی سی سی نے بھارت کی جانب سے میزبانی سے انکار کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دے دیئے تھے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے میزبانی سے انکار کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کے آئی سی سی کے فیصلے پر  مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی نے گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کے بڑوں نے آئی سی سی کے فیصلے کو حیران کن قرار دیا ہے اور مایوسی کا اظہار کیاہے کہ پاکستان کے سیریز کھیلنے کے لئیے رضا مند ہونے کے باوجود اسے تین پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی کے فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی ردعمل جاری کرے گا۔

آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے میچز میں بھارت نے پاکستان کی میزبانی کرنا تھی لیکن حکومتی اجازت نہ ملنے پر بھارتی بورڈ نے پاکستان کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا تو آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دے دئیے۔

تین پوائنٹس ملنے پر بھارتی ویمن ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی جب کہ 6 پوائنٹس پورے ملنے پر پاکستان ٹیم کو کوالیفائنگ راونڈ نہ کھیلنا پڑتا اور پاکستانی ٹیم بھی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جاتی۔

مزید خبریں :