دنیا
Time 16 اپریل ، 2020

کورونا وبا کے باعث امریکا اور روس قریب آنے لگے

گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی روس کو ویٹنی لیٹرز بھیجنے کی پیش کش کی تھی،فوٹو:فائل

روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہےکہ کوروناوائرس کی وبا نے امریکا اور روس کو ساتھ کام کرنےکا موقع فراہم کیا ہے۔

صدارتی آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔

خیال رہے  گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی روس کو ویٹنی لیٹرز بھیجنے کی پیشکش کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت ہے اور وہ روس سمیت دیگر ممالک کو بھی وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس حوالے سے روسی صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی پیشکش انتہائی مثبت تھی اور روس اسے قبول  کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکا میں کورونا کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزارسےتجاوز 

خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 28 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب روس میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 232 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ چکی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں وینٹی لیٹرز سمیت دیگر ضروری طبی آلات کی کمی ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :