Time 16 اپریل ، 2020
دنیا

چین کوکورونا سے متعلق مشکل سوالات کے جوابات لازمی دینا ہوں گے، برطانیہ

 کورونا وائرس کی وبا کے باعث حاصل ہونے والے سبق پر ہمیں گہرائی سے غور کرنا چاہیئے،برطانوی وزیر خارجہ ،فوٹو:رائٹرز

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ چین کوکورونا سے متعلق مشکل سوالات کے جوابات لازمی دینا ہوں گے۔

لندن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈومینک راب  کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی وائرس پھیلنے پر چین سے سخت سوالات ضرور پوچھیں گے۔

برطانوی وزیر خارجہ اور بورس جانسن کی علالت کے باعث عارضی طور پر وزیراعظم کی ذمہ داریاں نبھانے والے ڈومینک راب نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے چین کو بتانا ہوگا  کہ یہ کیسے ہوا؟ اور اس کو پہلے کیوں نہیں روکا جاسکا؟

ڈومینک راب  کا کہنا تھا کہ  کورونا وائرس کی وبا کے باعث حاصل ہونے والے سبق پر  ہمیں گہرائی سے غور کرنا چاہیے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے باعث بین الاقوامی سطح پر تعاون کی اہمیت  میں اضافہ ہوا ہے جب کہ وبا کے دوران چین سے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے دونوں ممالک نے اچھا کام کیا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کی فنڈرنگ روکنے کا حکم دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے معاملے کو ٹھیک انداز میں ہینڈل نہیں کیا اور جب وبا چین میں پھیلی تو اسے چھپایا جو ممکنہ طور پر دنیا میں وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنا۔

واضح رہے کہ چین نے 31 دسمبر 2019 کو  عالمی ادارہ صحت کو کورونا کے حوالے سے اطلاع دی تھی اور اب تک کورونا دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جس کے باعث 21 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

 برطانیہ میں ایک لاکھ 3ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 13 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :