17 اپریل ، 2020
کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن میں جو کاروبار کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ان کے لیے کورونا وائرس کے انتظامات اور ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے عمل درآمد کے لیے ایس او پی میں ترمیم کرکے نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس میں آن لائن کاروبار سمیت کوریئر اور دیگر کمپنیوں کو نئے احکامات دیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ جو کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی اس کے لیے کورونا وائرس کے انتظامات اور ایس او پی پر عمل کریں، اس کے بعد کاروباری عمل شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صنعتی زونز میں قائم کمپنیوں کی انڈرٹیکنگ سے متعلق ترمیم کی گئی ہے، صنعتی زونز اور محکمہ محنت سے متعلق بھی ترمیم کردی گئی ہے اورکاروبار کرنے کی اجازت دیے گئے اداروں،کمپنیوں کو فوری طور ایس او پی پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ محنت کے ساتھ رجسٹرڈ ادارے، کمپنیاں انڈر ٹیکنگ اپنے متعلقہ محکمے سے لینے کی پابند ہوں گی جب کہ اضلاع میں چھوٹے کاروبار سے متعلق انڈرٹیکنگ یا اجازت متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر سے لینا ہوگی،
کھولے گئے کاروبار سے متعلق ایس او پی اور انڈر ٹیکنگ ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام کو دی جائے گئی۔
حکم نامے میں ہدایت کی گئی کہ کوریئر کمپنیاں اسٹاف کو ڈریسز، ہیلمٹ، ماسک، سینیٹائزر اور احتیاطی تدابیر اپنانے پر عمل کرائیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے تک توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل تک بڑھا دیا ہے تاہم اس دوران کچھ شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔