17 اپریل ، 2020
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث شدید متاثر امریکی معیشت کو 3 مرحلوں میں دوبارہ کھولنے کی تجویز پیش کر دی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت کو دوبارہ کھولنے کی طر ف جائیں گے، تازہ ترین اعداد و شمارکی بنیاد پر ہمارے ماہرین کی ٹیم متفق ہےکہ ہم اپنی جنگ کا اگلا محاذ شروع کر سکتے ہیں، اسے ہم "امریکا کو دوبارہ کھولیں گے" کا نام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہی کرنے جا رہے ہیں اور امریکا کو دوبارہ کھولنے جا رہے ہیں، امریکا کو کھولنے کے لیے ایک وقت میں ایک محتاط قدم اٹھائیں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم امریکا کوایک ساتھ بالکل نہیں کھول رہے، امریکی معیشت کی بحالی تین مراحل پرمشتمل ہو گی اور اس عمل کا انچارج وائٹ ہاؤس نہیں بلکہ ریاستوں کےگورنر ہوں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ گورنرز نے ریاست بند رہنے کی ضرورت سمجھی تو ہم انہیں ایسا کرنے دیں گے، اگرریاستوں کے گورنرنےسمجھا کہ معیشت کو دوبارہ کھولنے کا وقت آگیا ہے تو ہم انھیں اس کی بھی آزادی دیں گے، گورنروں کوجلد از جلد بحالی کے لیے رہنمائی بھی دیں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے مجوزہ گائیڈ لائنز ریاستوں کے گورنرز کو بھجوا دی ہیں جس میں لوگوں کی مرحلے وار کام پر واپسی کا پلان شامل ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت کی دوبارہ بحالی کے لیے کوئی ٹائم ٹیبل نہیں دیا ہے۔