Time 18 اپریل ، 2020
صحت و سائنس

سگریٹ پینے والوں کو کورونا کا 14 فیصد زیادہ خطرہ ہوتا ہے

فوٹو: فائل

عالمگیر وبا کورونا وائرس نے دنیا کے 190سے زائد ممالک کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب کہ وائرس سے سب سے خطرہ عمر رسیدہ افراد کو ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماہرین صحت کی جانب سے لوگوں کو سماجی دوری اختیار کرنے، مصافحہ نہ کرنے جب کہ وٹامن سی اور ڈی سے بھرپور غذا استعمال کرنے کو بھی کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی گرین کریسنٹ کے صدر پروفیسر موساہت اوزترک کا کہنا ہے کہ وائرس سے بچنے کے لیے لوگوں کو تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کرنے سے کورونا وائرس کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے جب کہ سگریٹ اور تمباکو نوشی سے جُڑی تمام عادات کو تَرک کرنے سے وائرس کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

پروفیسر موساہت اوزترک نے بتایا کہ سگریٹ نوشی کرنے سے ہمارا نظامِ قوتِ مدافعت کمزور ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے وائرس کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

چین میں کیے جانے والے ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ نوشی کرنےوالے لوگوں کو کورونا وائرس کا خطرہ عام لوگوں سے 14 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بھی لوگوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ سگریٹ نوشی سے وائرس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔  

مزید خبریں :