18 اپریل ، 2020
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کورونا وائرس سے متعلق طبی ماہرین کے سامنے عوام کے خدشات سے بھرپور سوالات رکھے جن کے ماہرین نے مفصل جواب دیے۔
نیویارک ٹائمز میں عوامی سوالات تھے کہ کیا کورونا وائرس میرے کپڑوں، جوتوں، بال، داڑھی اور ڈاک سے موصول ہونے والے پارسل یا اخبار پر ہوسکتا ہے؟
لوگوں نے یہ بھی سوال کیا کہ کیا گروسری اسٹور سے خریداری کرکے آنے کے بعد مجھے نہانے اور کپڑے بدلنے کی ضرورت ہے؟ کیا باہر سے آنے کے بعد مجھے جوتے باہر ہی اتار دینے چاہیں؟
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ باہر سے آکر نہانا یا کپڑے تبدیل کرنا ضروری نہیں تاہم ہاتھ صفائی سے ضرور دھونے چاہئیں۔
یہ بات درست ہے کہ کسی متاثرہ شخص کی چھینک یا کھانسی سے وائرل قطرے ہوا میں پھیل سکتے ہیں لیکن ان میں سے اکثر زمین پر گر جاتے ہیں اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وائرس کے چھوٹے قطرے تقریباً آدھے گھنٹے تک ہوا میں تیرتے نظر آئے تاہم یہ اتنے بھاری نہیں ہوتے کہ آپ کے کپڑوں سے ٹکرائیں، چنانچہ وہ ایرو ڈانیمکس کے اصولوں کے تحت ہوا میں ہی تیرتے رہتے ہیں۔
ورجنیا ٹیک یونیورسٹی کی ایروسول سائنسدان ڈاکٹر لنزی مار کہتی ہیں کہ کسی انسان کے ارد گرد وائرس کے چھوٹے قطرے ہوا کے بہاؤ کے رخ پر سفر کرتے ہیں چونکہ انسان کی حرکت کی رفتار اس سے کم ہوتی ہے تو جب ہم حرکت کرتے ہیں تو ہم ہوا کو پھیچے دھکیل کر آگے بڑھ جاتے ہیں تو اگلی بار اگر کوئی آپ کے ارد گرد چھینکے تو اطمینان رکھیں کہ فزکس کے عام اصولوں کے مطابق آپ کا کم رفتار سے حرکت کرتا ہوا جسم ہوا میں موجود وائرس کے قطروں کو پیچھے دھکیل کر آپ کے کپڑوں پرگرنے نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آپ کو اپنے بالوں یا داڑھی پر وائرس کے گرنے کے بارے میں فکرمند نہیں ہونا چاہیے البتہ اگر آپ باہر ہیں اور کوئی شخص آپ کے قریب چھینک دے تو احتیاط کے طور پر آپ کو گھر جاکر کپڑے بدلنے چاہئیں اور نہانا چاہیے۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس پلاسٹک اور کسی سخت دھاتی سطح پر 3 دن تک اور کارڈ بورڈ پر 24 گھنٹے تک فعال رہ سکتا ہے۔
وائرس ماہرین کا کہنا ہے کہ کارڈبورڈ کی طرح کپڑوں میں موجود نیچرل فائبر بھی جذب کرنے کے صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے کسی سخت سطح کے مقابلے میں وائرس کپڑوں پر جلدی سوکھ جاتا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق چین کے اسپتالوں کے کورونا وارڈز میں 50 فیصد سے زائد طبی عملے کے جوتوں میں کورونا وائرس پایا گیا۔
اس پر ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ کے جوتے دھل سکتے ہیں تو انہیں دھولیں تاہم یہ کورونا وائرس کے لیے اتنا بڑا رسک نہیں، وائپ سے جوتے صاف نہ کریں کیوں کہ اس سے سول میں لپٹے جراثیم آپ کے ہاتھ کو منتقل ہوجائیں گے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر آپ کے گھر میں چھوٹے بچے زمین پر کھیلتے ہیں یا کوئی بیمار موجود ہے جس کا مدافعتی نظام کمزور ہے تو جوتے گھر میں نہ لائیں۔
ماہرین نے مزید کہا ہے کہ اخبار یا پارسل سے کورونا وائرس منتقل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ماہرین نے کئی احتیاطی تدابیر بتائی ہیں جبکہ گزشتہ دنوں برطانوی ماہر نے دھوپ میں بیٹھنے کو مہلک وائرس کیلئے ضرررساں قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس 190 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک اس مہلک وائرس کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 لاکھ سے زائد ہے۔
مہلک وائرس سے امریکا میں اب تک 37 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 7 لاکھ سے زائد ہے۔