دنیا
Time 18 اپریل ، 2020

بھارتی بحریہ کے 26 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص

متاثرہ اہلکار ممبئی کے ساحل پر کھڑے آئی این ایس آنگرے پر تعینات تھے جن میں سے زیادہ تر میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں— فوٹو: فائل

بھارت کے شہر ممبئی میں بھارتی بحریہ کے 26 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی لنگر انداز آئی این ایس آنگرے پر تعینات 20 اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ دیگر 6 اہلکار بھی ممبئی میں ہی تعینات ہیں۔ 

بھارتی بحریہ کے بیان کے مطابق متاثرہ اہلکاروں میں سے زیادہ تر میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

بھارتی میڈیا پورٹ میں بتایاگیا ہے کہ 7 اپریل کو ایک نیوی اہلکار میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد اس سے ملنے والے دیگر اہلکاروں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں اب کورونا کی تصدیق ہوئی۔

اہلکاروں میں تشخیص کے بعد ان کے رہائشی اپارٹمنٹ کو لاک ڈاؤن کردیا گیا اور وہاں کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی بحریہ کے کئی اہلکاروں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کے نتائج کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 488 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :