Time 19 اپریل ، 2020
پاکستان

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلیے دوسرے مرحلے کا آغاز

حکومت نے پروازوں کی بندش کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کچھ خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے جس کے دوسرے مرحلے کا آغاز  آج سے ہو گیا ہے۔

سول ایوی ایشن  ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں  پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 797 کراچی سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہو گئی ہے جو لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سے ٹورنٹو کے لیے  پہلی پرواز ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے ٹورنٹو  روانہ  ہونے والی پرواز  کورونا وائرس کے حفاظتی انتظامات کو مکمل فول پروف بنانے کے باعث  پون گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی،  عملے نے مسافروں کے سامان پر بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق جراثیم کش اسپرے کیا یہی وجہ ہے کہ خصوصی پرواز  10 بجکر 6 منٹ پر روانہ ہوئی۔

ائیرلائن حکام کا کہنا ہے کہ یہ پرواز کینیڈا کے مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 2 بج کر 35 منٹ پر ٹورنٹو پہنچے گی۔ 

پی آئی اے ذرائع کے مطابق کینیڈا سے بھی پاکستانیوں نے کراچی روانگی کے لیے بکنگ کروا رکھی ہے۔

دوسری جانب دفترخارجہ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک میں 43 ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، واپسی کے منتظر ان پاکستانیوں میں ترکی، بنگلا دیش اور کرغزستان سمیت کئی ممالک میں پھنسے زیر تعلیم طلبہ بھی شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ روز جدہ سے 226 پاکستانی معتمرین پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لاہور لائے گئے جب کہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا سے 221 پاکستانیوں کو کراچی پہنچایا گیا۔

اس سے قبل مسقط سے دو پروازوں کے ذریعے 325 پاکستانیوں کو لایا گیا تھا، ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے 200 اور دبئی سے بھی 400 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لائے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ  قومی ائیر لائن نے بیرون ملک میں پھنسے 1800 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پلان مرتب کیا تھا جس کا پہلا مرحلہ 14 اپریل سے 19 اپریل تک تھا۔

مزید خبریں :