پاکستان
Time 19 اپریل ، 2020

آئی پی پیز، شوگر اسکینڈل اور قرض معاف کرانے والے انجام کو پہنچیں گے: شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز، شوگر اسکینڈل اور قرض معاف کرانے والے انجام کو پہنچیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر قلیوں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین میں راشن تقسیم کیا۔

اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کنٹرول میں ہے، امریکا اور یورپی ممالک کی طرح لوگ نہیں مررہے، پاکستان پر اللہ خاص کرم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو تو راشن مل رہا ہے لیکن مسئلہ سفید پوش کا ہے جو ہاتھ پھیلانا توہین سمجھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں سے قرض معاف کرنے کی بات کی اور قرض ایک سال کےلیے ملتوی کرائے۔

آٹا چینی بحران کی تحقیقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فرانزک رپورٹ آئے گی، آئی پی پیز، شوگر اسکینڈل اور قرض معاف کرانے والے انجام کو پہنچیں گے۔

جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کے حوالے سے عمران خان سے بات کی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بڑے منی لانڈرز میں سے ایک بھی جیل میں نہیں، صرف غریب آدمی جیل میں ہے، وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے دفعہ 144 کے تمام ملزم چھڑوائے،  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی دفعہ 144 کے ملزم چھوڑ دیں۔