پاکستان
Time 18 اپریل ، 2020

کسی کے دَم کا ہم پر کوئی اثر نہیں ہوتا، نیب کا شیخ رشید کو جواب

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ  اس پر کسی دَم کا کوئی اثر نہیں ہوتا، ہر کارروائی آئین و قانون کے مطابق کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ نیب لاہور نے گذشتہ روز  قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔

 نیب نے شہباز شریف کو  منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیاتھا اور اُن سے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں۔

اس حوالے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے حالات میں نیب میں پیش نہیں ہوا جاسکتا جبکہ شہباز شریف نے نیب کو اپنا تحریری جواب جمع کرادیا ہے۔

 اپنے ایک حالیہ بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے دم کیا تھا، اس لیے شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے، اب شہباز شریف لندن جائیں گے یا جیل وقت بتائے گا۔

'17 اپریل کو شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا'

اس حوالے سے نیب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نیب کی بنیاد پر سیاست نہ کی جائے تو بہتر ہے، 17 اپریل کو شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، چند سوالات کے مفصل اور جامع جوابات درکار تھے۔

نیب کا کہنا ہے کہ ہر کارروائی آئین و قانون اور شواہد کے مطابق کی جاتی ہے،نیب افسران کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا افراد سے نہیں اور نیب افسران کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

' شیخ رشید نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے مؤقف کی تائید کر دی'

دوسری جانب ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ  نے بھی شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ شیخ رشید نے ان کے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔ 

 رانا ثنا اللہ  کے مطابق شہباز شریف پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی اور نیب کی اعلیٰ عدالتوں میں سُبکی ہوئی۔

 ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا راگ الاپنے والے آٹا اور چینی چوری کا حساب دیں اور شیخ رشید علم نجوم کو چھوڑ کر ریلوے کی وزارت پر توجہ دیں۔

مزید خبریں :