19 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کورونا وائرس کی آڑ میں جان بوجھ کر مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی حکومت اپنی ناکام کورونا پالیسی کے خلاف ردعمل سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مودی حکومت کا اقدام ویسے ہی ہے جیسے جرمنی میں نازیوں نے یہودیوں کے خلاف کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ اقدامات مودی حکومت کی ہندو توا اور متعصبانہ سوچ کا ایک اور ثبوت ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے متعصب بھارتی میڈیا ملک میں کورونا پھیلنے کا الزام بھارت پر لگا رہا ہے اور سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی نفرت انگیز مہم کے باعث بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد میں مزید اضافہ ہوا ہے اور متعدد علاقوں میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک سرکاری اسپتال میں کورونا کے مسلمان مریضوں کو ہندو مریضوں سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔