20 اپریل ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کرکٹ کا سامان نیلام کر کے 9 لاکھ سے زائد کا فنڈ اکٹھا کر لیا۔
چند روز قبل رومان رئیس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی غرض سے اپنا کرکٹ کا سامان نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نیلامی کے سامان میں رومان رئیس کی چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو پر پہننے والی اپنی ون ڈے کیپ، اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے 2 مرتبہ پاکستان سپر لیگ جیتنے والی شرٹ، کرکٹ بیٹ اور پاکستان ٹیم کی ٹی شرٹ شامل تھی۔
رومان رئیس کا کہنا ہے کہ نیلامی کی رقم سے متاثرین کو راشن اور رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔