20 اپریل ، 2020
لاہور میں کورونا وائرس کے باعث سیل کیے گئے علاقوں میں رمضان کے دوران بھی مساجد میں عبادت کی اجازت نہیں ہوگی۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور ذوالفقار حمید کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں رمضان کے دوران عبادت گاہوں میں افطاری، سحری اور اعتکاف کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ موجودہے،متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوا، رمضان میں تمام علمائے کرام وفاقی حکومت کی 20 نکاتی ہدایات پر عمل کریں۔
خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3 ہزار 721 ہوچکی ہے جب کہ 42 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، لاہور میں 583 سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔
لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 14 مختلف علاقوں کو سیل کیا گیا ہے۔
گذشتہ دنوں صدر مملکت کی سربراہی میں ہونے والے علمائے کرام کے اجلاس کے بعد رمضان میں مساجد میں نماز پنجگانہ اور تراویح کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔