پاکستان
Time 20 اپریل ، 2020

محکمہ صحت کی کارکردگی پر عدم اطمینان، شاہ محمود نے یاسمین راشد سے شکوہ کردیا

وزیرخارجہ شاہ محمود کے شکوہ کرنے پر صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا وائرس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے خود ملتان جائیں گی۔

وزیرخارجہ نے محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر صحت سے ملتان کو امداد نہ ملنےکا شکوہ کیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ملتان میں امداد نہیں ملی، اس معاملے پر صوبائی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے گزارش کی اور میں شکرگزار ہوں کہ انہوں نے فوراً اس معاملے کا نوٹس لیا۔

شاہ محمود کا کہنا ہے کہ ملتان میں پنجاب کا سب سے بڑا قرنطینہ بنایا گیا اور تفتان سے آنے والے افراد کو اِس میں رکھا گیا۔

شاہ محمود قریشی کے گلہ کرنے پر جائزہ لینے ملتان جا رہی ہوں: یاسمین راشد 

شاہ محمود کی گفتگو کے حوالے سے وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے گلہ کرنے پر جائزہ لینے ملتان جا رہی ہوں اور وہاں کے اسپتالوں کی رپورٹ لے کر شاہ محمود کو آگاہ کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور سیکرٹری صحت 2 بار ملتان کا دورہ کرچکے ہیں جبکہ ملتان کے اسپتالوں میں حفاظتی کٹس اور دوسری چیزیں فراہم کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور سب سے زیادہ مہلک وائرس کی تشخیص پنجاب میں ہی ہوئی ہے۔

پنجاب میں مہلک وائرس سے اب تک42 افراد جاں بحق جبکہ 37 سو سے زائد افراد متاثر ہیں۔

مزید خبریں :