20 اپریل ، 2020
پاکستان میں کورونا وائرس نے مزید 22 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ملک میں مہلک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 189 ہو گئی ہے جب کہ مختلف شہروں میں 820 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 9130 تک پہنچ گئی۔
189 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں74 افراد کا انتقال اس وائرس کی وجہ سے ہو چکا ہے۔ سندھ میں 61، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 6 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
آج ملک میں مزید 820 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے سندھ میں 230، پنجاب میں 390، خیبر پختونخوا میں 139، بلوچستان میں 33، گلگت بلتستان میں 18 اور اسلام آباد میں کورونا کے 10 نئے مریض سامنے آئے۔
اس کے علاوہ پیر کو ہونے والی 22 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا میں 14 ، سندھ میں 5 جبکہ پنجاب، اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک کورونا مریض انتقال کرگیا۔
پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 390 کیسز سامنے آئے جبکہ ایک شخص دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی جب کہ مریضوں کی کل تعداد 4111 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 705افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ میں آج مزید 230 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2767 ہوگئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 61 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 2767 ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 635 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں آج 139 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مزید 14 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 74 تک پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا میں اب تک 1276 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
بلوچستان میں پیر کو کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 465 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بھی 6 ہوگئی ہے جب کہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 161 ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں بھی آج کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص انتقال کر گیا جب کہ 10 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 181 ہے۔
گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 18 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 281 ہو گئی جب کہ اب تک 195 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 83 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر میں پیر کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ اتوار کو ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 49 ہوگئی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے سے رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر کا لائحہ عمل طے ہوگیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔
تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب اور سندھ میں صوبائی حکومتوں نے رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی نے شہر میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیےماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔
جب کہ کمشنر نے شہر میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک بیکریاں اور تندور کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کراچی: صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بیرون ملکوں سے آنے والے ہر پاکستانی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ مزید پڑھیں۔۔
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔