دنیا
Time 21 اپریل ، 2020

ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا میں امیگریشن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  عارضی طور پر امریکا میں امیگریشن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'میں نادیدہ دشمن (کورونا وائرس) کے حملے سے بچنے اور  اپنے عظیم امریکی شہریوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے  امیگریشن پر عارضی پابندی عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کرنے جارہاہوں'۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ پابندی عارضی ہے تاہم انہوں نے اس حکم نامے کے اطلاق اور  خاتمے کی مدت کے حوالے  سے کچھ نہیں بتایا۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کورونا وائرس کی وبا کے بہانے مہاجرین کی آمد پر پابندیاں لگانا چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ ہمیشہ سے مہاجرین کی امریکا آمد کے حوالے سے سخت اقدامات کے حق میں رہے ہیں اور  یہ ان کی انتخابی مہم کے اہم نعروں میں سے ایک ہے تاہم موجودہ وبا کے دوران  یہ موضوع منظر سے غائب ہوگیا تھا۔

امریکی حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ  سے ہی ہر قسم کے ویزہ سے متعلق کارروائی معطل کی جاچکی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے نئے حکم نامے کے باعث امریکا میں موجود غیر ملکیوں  کو ورک ویزہ میں اضافے اور گرین کارڈ کے منتظر افراد کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

 امریکا میں کوروناسے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز 

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث امریکا میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد  افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :