21 اپریل ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کو کرکٹ کے مستقبل کیلئے اہم قراردے دیا۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کا اجلاس بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ مستقبل کے حوالے سے ہونے والی حکمت عملی اور فیصلوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے آئندہ کی حکمت کیلئے بہت کام کیا ہے اور جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں ہم اپنے آئیڈیاز دیں گے جبکہ اِس موقع پر دوسرے بورڈز سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے کرکٹ کی دنیا پر غیر معمولی اثرات مرتب کیے ہیں اور اِن حالات میں مہلک وائرس کا مقابلہ مل کر ہی کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں کرکٹ کو اتحاد کی ضرورت ہے اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا یہ اجلاس دنیائے کرکٹ کو یہ موقع فراہم کررہا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس جمعرات کو ہوگی جس میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ، باہمی سیریز اور آئی سی سی ایونٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔