پاکستان
Time 21 اپریل ، 2020

2 سال سے مصری بندرگاہ پر پھنسے پاکستانیوں کو واپس نہ لایا جاسکا

2 سال سے مصری بندرگاہ پر پھنسے پاکستانیوں کو  تاحال واپس نہ لایا جا سکا، بحری جہاز کے کپتان نے وطن واپسی میں مدد کے لیے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ 2 سال قبل مصری بندرگاہ سفاگا پر لنگرانداز مرچنٹ شپ (تجارتی جہاز) 'سی ہارس ٹو ' کو اس کے مالک  کی جانب سے محصولات نہ ادا کرنے پر ریڈ سی اتھارٹی نے تحویل میں لے لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کے مالک پر پہلے سے بھی مقدمہ درج تھا اور  محصولات کے تنازعے کے بعد اس نے معاملے سے ہاتھ اٹھالیے اور تب سے  پاکستانی عملہ سفاگا کی بندرگاہ پر بے یار و مددگار ہے۔

جہاز پر کل 6 پاکستانی محصور ہوئے تھے تاہم جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ان میں سے 3 گزشتہ سال وطن واپس آنے میں کامیاب رہے جب کہ باقی تین افراد تاحال جہاز میں موجود ہیں جن میں کپتان، چیف انجینئر اور چیف آفیسر شامل ہیں جن کی سفری دستاویزات بھی ریڈ سی اتھارٹی کے قبضے میں ہیں۔

جہاز کے کپتان رحمان فضل نے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم سے وطن واپسی میں مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم  دو سال سے بغیر تنخواہ کے جہاز پر محصور ہیں ، ہمارے  خاندان قرضوں میں ڈوب چکے ہیں، خدارا ہمیں واپس لائیں۔

مزید خبریں :