22 اپریل ، 2020
انڈس اسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالباری نے خبر دار کیا ہے کہ مساجد کھولنے سے کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیلے گا۔
ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ مہینےمیں جتنے کیسز رپورٹ ہوئے وہ پانچ دن میں ڈبل ہو گئے جب کہ کورونا کا پیک مئی کےتیسرے ہفتے میں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کھولنے سے کورونا تیزی سے پھیلے گا لہذا علمائے کرام سے اپیل ہے کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، تراویح ،سنتیں گھر پر پڑھ لیں۔
ڈاکٹر باری کا کہنا ہے کہ مجمع مارکیٹ میں ہو، دکانوں میں یا کسی ہال میں یا مسجد میں اسے ہر صورت روکنا ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ فرنٹ لائن پر عوام ہیں، ڈاکٹر اور عملہ متاثر ہوا تو کوئی نہیں سنبھال سکے گا کیونکہ ہیلتھ انفرا اسٹرکچر کمزور ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان، برطانیہ اور سعودی عرب سے مختلف ماہرین نے علمائے کرام اور حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ علمائے کرام مساجد میں باجماعت نماز اور تراویح کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔