Time 22 اپریل ، 2020
پاکستان

امریکی صدر ٹرمپ کی کورونا ٹیسٹ کیلئے پاکستان کو جدید مشین دینے کی پیشکش

Unmute
Current Time 0:00
/
Duration Time 0:00
Loaded: 0%
Progress: 0%
Stream TypeLIVE
Remaining Time -0:00
 

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں امریکی صدر نے کورونا   ٹیسٹ کیلئے جدید مشینری کی پیشکش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کورونا وبا کی صورتحال، عالمی معیشت پر اثرات اور اس کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔

عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان پاک امریکا تعلقات کی بہتری پربھی بات چیت کی گئی۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کے باعث امریکا میں ہونے والی ہلاکتوں پر دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کورونا کے باعث دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان لاک ڈاؤن کے دوران کمزور طبقات کی جان بچانے کے چیلنج سے نبرد آزما ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو کورونا وبا کے باعث اپنے 8 ارب ڈالرز کے پیکج سے آگاہ کیا اور کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو قرض کی ادائیگی کے ضمن میں عالمی اقدام کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ سے گفتگو میں مستحکم افغانستان کیلئے سیاسی حل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

امریکی صدر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور وزیراعظم عمران خان کو کورونا ٹیسٹ کیلئے جدید ترین مشین بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہے۔

پاکستان میں بھی مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں مہلک وائرس کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن بھی جاری ہے جس سے معاشی سرگرمیاں مانند پڑگئی ہیں۔

مزید خبریں :