23 اپریل ، 2020
وفاقی حکومت کے ترجمان شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ جب سندھ حکومت خود کورونا پرسیاست سے تھک گئی تو ڈاکٹروں کو آگے کر دیا۔
کراچی میں ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ ڈاکٹروں نے پریس کانفرنس پیپلز پارٹی کے کہنے پر کی، جو فیصلے نیشنل کمانڈ اینڈ کوآپریشزا سینٹر کے اجلاس میں ہوئے تھے اس میں ڈاکٹر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ افسوس کی بات ہے حکومت سندھ جب خود کورونا پر سیاست سے تھک گئی تو ڈاکٹروں کو آگے کر دیا، سندھ کے ان چند سیاسی ڈاکٹروں سے گزارش ہے کہ سیاست نہ کریں۔
اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا سےنمٹنے کےلیے وفاقی حکومت کے اقدامات نے مایوس کیا جب کہ وفاقی حکومت کے نمائندوں کے بیانات نے مایوسی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں ہونے والی ڈاکٹرز کی مشترکہ پریس کانفرنس میں شامل ڈاکٹر سعد نیاز کا کہنا ہے انہیں شبہاز گِل کی بات سن کر انتہائی افسوس اور دکھ ہوا۔
ڈاکٹر سعد نیاز نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر صحت نے خود مئی کا مہینہ خطرناک قرار دیا ہے ، ہمارا کسی سیاسی حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، جو کچھ عوام کے حق میں بہتر تھا وہی کہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ڈاکٹروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کو مذاق قرار دیا اور اسے مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کی۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اگر رمضان میں مساجد اور بازار کھلے تو کورونا کے کیسز بہت زیادہ بڑھ جائیں گے لہذا علمائے کرام اور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔