پاکستان
Time 24 اپریل ، 2020

سندھ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی مشروط اجازت دے دی

کراچی: سندھ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی مشروط اجازت دے دی، سندھ میں تاجر پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے 3 بجے کے درمیان کاروبار کرسکیں گے۔

گروسری کی دکانیں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی ، رمضان المبارک کے دوران شام 5 بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا، تیارکھانے کی ڈلیوری پانچ سے دس بجے تک ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران پیر تا جمعرات صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں رمضان المبارک کے دوران کاروبار کی ایس او پیز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سعید غنی، امتیاز شیخ، مکیش چاؤلہ، ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں بھی شام 5 بجے کے بعد لاک ڈاؤن ہوگا اور احترام رمضان آرڈیننس جاری رہے گا۔

 وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کاروبار پیر تا جمعرات صبح 9 سے 3 بجے تک ہوگا اور صبح  8 سے شام 5 بجے تک گروسری کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ  پکے ہوئے کھانے کی ڈلیوری 5 سے 10 بجے تک ہوگی اور  سحری میں کوئی ہوم ڈلیوری سروس نہیں ہوگی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ ایک ایس او پی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرے گا جس میں وقت بتایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3900 سے زائد ہے اور اب تک 73 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے نصف سے زائد ہلاکتیں کراچی سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

تاہم سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلوں سے لوگوں میں بے چینی پھیل رہی ہے کیوں کہ ایک جانب سے سندھ حکومت نے کورونا کے ڈر سے مساجد میں تراویح کی نماز پر پابندی لگادی ہے جبکہ دوسری جانب کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

مزید خبریں :