پاکستان
Time 24 اپریل ، 2020

اب تک بیرون ملک پھنسے 11 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

—فوٹو فائل

قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے  بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے اور  اب تک 101خصوصی پروازوں کے ذریعے ہم وطنوں کو  واپس لایا جاچکا ہے۔

قومی ائیر لائن نے بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پلان مرتب کیا تھا جس کا پہلا مرحلہ 14 اپریل سے 19 اپریل تک تھا اور اب دوسرا مرحلہ جاری ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 101 خصوصی پروازوں کےذریعے بیرون ملک پھنسے 11 ہزار سے زائد ہم وطنوں کو واپس لایا جاچکا ہے  جن میں  سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی اور عمرہ زائرین بھی شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اب تک جاپان، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت کینیڈا، برطانیہ، فرانس، ترکی اور عراق سے پاکستانیوں کو وطن واپس لاچکی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشنز معطل ہیں صرف خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :