پاکستان
Time 24 اپریل ، 2020

احساس پروگرام سے گزشتہ روز مزید 12 ہزار لوگ نکالے ہیں: ثانیہ نشتر

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے  سماجی تحفظ اور  احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کی کیٹیگری ون سے دسمبر میں 8 لاکھ 20 ہزار65 لوگ نکالے تھے جس میں سے گزشتہ روز مزید 12 ہزار لوگ نکالے گئے ہیں۔

اپنی پریس کانفرنس میں ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شفافیت بہت اہم ہے، کیٹیگری ون سے دسمبر میں 8 لاکھ 20 ہزار65 لوگ نکالے تھے جبکہ کیٹیگری ون میں سے مزید 12 ہزار لوگ گزشتہ روز نکالے گئے ہیں، یہ پروگرام بالکل غیرسیاسی بنیاد پر چلایا جارہا ہے اور وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تمام کام شفافیت سے ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیٹیگری 2 کورونا وائرس کے تناظر میں بنائی گئی ہے جس کے مطابق  پنجاب میں اب تک 8 لاکھ 72 ہزار لوگوں نے پیسے وصول کیے، احساس ایمرجنسی پروگرام کے پورٹل میں تمام تفصیلات ہر کیٹیگری کے مطابق ہیں اور یہ تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہے کیونکہ یہ پیسہ عوام کا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ، خیبرپختونخوا اوربلوچستان کی تفصیلات بھی اب ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں، صوبائی سطح کے بعد تمام ڈسٹرکٹ کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر فراہم کی گئی ہیں۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس کیش پروگرام کے تحت 144 ارب روپے تقسیم کیے جارہے ہیں، یہ شفافیت کے لحاظ سے ایک تاریخی پروگرام ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ کہ تاریخ والے میسج کا انتظار کریں اور پھر سینٹر جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہوگیا ہے تب بھی پیسے وصول کیے جاسکتے ہیں، 27 اپریل سے نادرا کے تمام دفاتر کھول دیے جائیں گے جن کے انگوٹھے کے نشان کا مسئلہ آرہا ہے وہ نادرا کے دفتر جاکر تصدیق کرائیں۔

خیال رہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے تقسیم کیے جارہے ہیں جس کیلئے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے  یاران وطن پروگرام کا اعلان

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑھ چڑھ کر مدد کررہے ہیں جبکہ طب کے شعبے سے وابستہ بیرون ملک پاکستانی مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے یارانِ وطن پروگرام بیرون ملک پاکستانیوں کے تعاون سے شروع کیاجارہاہے۔

ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پروگرام میں بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹرز تنظیموں سے بھی مشاورت کی گئی ہے جس کا مقصد طب کے شعبے سے وابستہ بیرون ملک پاکستانیوں کو خدمت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں :