Time 24 اپریل ، 2020
دنیا

ٹرمپ کی تجویز پر جراثیم کش ادویات بنانے والی کمپنیوں نے انتباہ جاری کردیا

ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے جسم میں روشنی داخل کرنے اور جراثیم کُش انجیکشن لگانے کی تجویزدی تھی جسے طبی ماہرین نے رد کردیا تھا— فوٹو: فائل

طبی ماہرین اور ڈاکٹرز کے بعد جراثیم کش ادویات بنانے والی کمپنیوں نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز رد کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے جسم میں روشنی داخل کرنے اور جراثیم کُش انجیکشن لگانے کی تجویزدی تھی جس کو طبی ماہرین اور ڈاکٹرز نے رد کردیا تھا۔

اب امریکی صدر کی تجویز پر جراثیم کش ادویات بنانے والی کمپنیوں نے بھی انتباہ جاری کردیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جراثیم کش ادویات بنانے والی کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ ان کی مصنوعات کو جسم میں کسی صورت داخل نہ کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی حالت میں ہماری جراثیم کش مصنوعات کوانسانی جسم میں داخل نہیں کیا جانا چاہیے، جراثیم کش ادویات صرف صفائی کے لیے دی گئی ہدایات کے مطابق استعمال کی جانی چاہیے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی تجویز پر ماہرین کا کہنا ہے کہ 'ٹرمپ بالکل غلط اورغیر ذمہ دار ہیں، اگر آپ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں تو وائرس آپ کے خلیوں کے اندر ہے اور اسے مارنے کے لیے اگر کسی جراثیم کش دوا کا استعمال کیا جائے گا تو کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ آپ خود بھی مر جائیں گے‘۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے مارچ کے مہینے میں کینیا میں ایک پیشوا نے اپنی پیروی کرنے والوں کو ڈیٹول پینے کا مشورہ دیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے کئی افراد نے ڈیٹول پی لیا تھا جس کے نتیجے میں 59 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ مارچ ہی میں ایران میں کورونا وائرس سےبچنےکے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے ممنوعہ کیمیکل میتھانول پی لیا تھا جس کے نتیجے میں 300 افراد ہلاک جب کہ ایک ہزار کے قریب کی حالت خراب ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :