دنیا
Time 24 اپریل ، 2020

پاکستان میں جولائی تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ ہوسکتی ہے: ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر  ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں مزید مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا ٹوئٹس میں کہنا تھا کہ کورونا وائرس پاکستان کے 115 اضلاع تک پھیل چکا ہے اور صوبہ پنجاب اور سندھ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس سے نظام صحت پرنمایاں دباؤ آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال میں پاکستان کو سماجی و اقتصادی اور غذائی کمی سے پیدا ہونے والے اثرات پر توجہ دینی چاہیے جبکہ ایسے حالات میں پاکستان کو بروقت مزید مالی معاونت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مزید مؤثراقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے لہٰذا پاکستان، اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کو متحرک اور جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مہلک وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس نے اپنے بیان میں یقین دلایا کہ عالمی ادارہ صحت اس مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں یقین ہے کہ جلد ان حالات سے چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 242 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :