دنیا
Time 04 اپریل ، 2020

کوئی ملک لاک ڈاؤن ہٹانے میں جلدی نہ کرے، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

 ہمارے پاس ان پابندیوں سے نکلنے اور صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے یہی بہترین راستہ ہے،عالمی ادارہ صحت ،فوٹو:فائل

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کے تمام ممالک کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ملک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کو ہٹانے میں جلدی نہ کرے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن جلد ہٹانے سے طویل عرصے تک منفی معاشی اثرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور یہ وائرس دوبارہ سر اٹھاسکتا ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ لاک ڈاؤن کے سماجی اور معاشی اثرات نہایت سخت ہیں تاہم ہمارے پاس ان پابندیوں سے نکلنے اور صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے یہی بہترین راستہ ہے کہ ہم خود وائرس پر حملہ آور ہوں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ تمام ممالک وبا پر کنٹرول کے لیے بنیادی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف ) کا بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی کم زور معیشتیں مزید بحران کا شکار ہوسکتی ہیں۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ایسے ملکوں کو صحت کو ترجیح دے کر پنی معیشتوں کو بچانا ہوگا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 180 کے قریب ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 72 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 62 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وائرس کی روک تھام کے لیے دنیا کے اکثر ممالک میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں معاشی سرگرمیاں منجمد ہوکر رہ گئی ہیں۔

مزید خبریں :