Time 24 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 11 اموات، ہلاکتیں 248 ہوگئیں، مجموعی کیسز 11736تک پہنچ گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 248 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11736 تک جا  پہنچی ہے۔

248 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 89 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ میں 75 ، پنجاب میں 68 ، بلوچستان میں 10 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔

کُل ٹیسٹ: 131،365
صحتیاب مریض: 2527
(کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

بروز جمعہ ملک بھر سے کورونا وائرس کے 591 کیسز سامنے آئے اور 11 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں جن میں سے سندھ میں 274 کیسز 2 ہلاکتیں، پنجاب 84 کیسز 3 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 167 کیسز اور 4 ہلاکتیں، بلوچستان 49 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 10 کیس اور گلگت بلتستان سے 7 نئے کیسز سامنے آئے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کےمزید 84 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 4851 اور اموات 68 ہوگئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق 768 زائرین سینٹرز، 1915 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور  2082 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان نے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔

سندھ

صوبے میں آج بروز جمعہ کورونا کے مزید 274 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

سندھ میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد 3945 ہوگئی ہے جب کہ 75 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مراد علی شاہ  نے بتایا کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 772 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 214 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے 49 کیسز سامنے آئے جبکہ 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعے کو  167 نئے کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 89 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1708 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 477 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعے کو  7 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی جب کہ اب تک 213 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 91 ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کیا کورونا وائرس نوٹوں سے بھی لگ سکتا ہے؟

مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایسا خوف پھیلایا ہوا ہے کہ لوگوں میں کوئی بھی چیز چھونے سے قبل یہ ڈر ہوتا ہے کہ کہیں اس پر وائرس موجود نہ ہو جو انسانی جسم میں منتقلی کا سبب بنے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا وائرس کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کا عمل شروع

برطانیہ میں کورونا وائرس کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کا عمل شروع کردیا گیا۔ یہ یورپ میں کورونا ویکسین کی انسانوں پر پہلی آزمائش ہے البتہ امریکا اس سے قبل مارچ کے مہینے میں کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع کرچکا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سندھ میں نماز تراویح محدود

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نماز تراویح کو محدود کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت صرف مسجد انتظامیہ کو ہی مسجد میں تراویح پڑھنے کی اجازت ہوگی۔ مزید پڑھیں۔۔

خدا نہ کرے وہ وقت آئے کہ ہمیں سڑکوں پر علاج کرنا پڑے: پی ایم اے

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں،خدا نہ کرے وہ وقت آئے کہ ہمیں سڑکوں پرعلاج کرنا پڑے۔ مزید پڑھیں۔۔

مکمل لاک ڈاؤن کر لیں تو بھی کورونا نہیں رکےگا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کامطلب ہےکہ جہاں کورونا پھیلا وہاں کنٹرول کریں گے، سب ممالک سمجھ رہےہیں کہ مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیاجا سکتا، خوف ہےکہ چھوٹاکاروبارکہیں مکمل طورپرختم نہ ہوجائے۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان میں مساجد میں عبادات کیلیے 20 نکات پر اتفاق

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :