Time 24 اپریل ، 2020
پاکستان

پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی

رمضان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا اور جن مقامات پر کیسز زیادہ ہوں گے صرف انہیں بند کیا جائے گا باقی جگہوں پر کاروبار چلتا رہے گا، عثمان بزدار— فوٹو : فائل

لاہور: وفاق کی جانب سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک اضافے کے بعد پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا ہے،کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کافیصلہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا اور جن مقامات پر کیسز زیادہ ہوں گے صرف انہیں بند کیا جائے گا باقی جگہوں پر کاروبار چلتا رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق دودھ، دہی کی دکانوں،کریانہ اسٹور، تندور اور بیکریز سحری میں رات 2 بجے سے صبح 4 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی،رمضان المبارک کے دوران اجتماعی سحری و اجتماعی افطاری پر پابندی ہوگی۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ گروسری اسٹورز، کریانہ اسٹورز، ڈپارٹمنٹل اسٹورز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، آپٹیشنز شاپس، بیکریاں، زرعی ادویات، کھاد کی دکانیں اور آٹو ورکشاپس بھی صبح 9 بجے سے 5 بجے تک کھلی رہیں گی،زرعی مشینری کی ورکشاپس، اسپیئر پارٹس کی شاپس اور وینڈرز کو بھی مقررہ اوقات میں کام کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ رمضان کے دوران دودھ دہی کی دکانیں اور مرغی کےگوشت کی دکانیں صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے، مساجد کے لیے جاری 20 نکاتی اعلامیے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، مقامی سطح پر کمیٹیاں مساجد کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں گی، رمضان المبارک میں شہریوں کو بہت احتیاط کرنےکی ضرورت ہے،حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا عوام کے مفاد میں ہے۔

مزید خبریں :