27 اپریل ، 2020
پاکستان نے کورونا وائرس کے یومیہ 30 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جسے آئندہ چند روز میں 40 ہزار تک لے جایا جائے گا۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے چین سے طبی امدادی سامان پہنچنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے 18 ٹن امدادی سامان لے کر اسلام آباد پہنچا ہے، سامان میں 152 وینٹی لیٹرز ، 20 ایکسرے مشینیں اور 200 تھرمل گنز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک 13 ہزار 800 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 292 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں ٹیسٹ کی تعداد بہت کم ہے اس لیے کیسز بھی کم سامنے آرہے ہیں۔
امریکا، برطانیہ و دیگر ترقی یافتہ ممالک ایک دن میں تقریباً ایک لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کررہے ہیں۔