27 اپریل ، 2020
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت اور اس جیسے دوسرے ملکوں میں کورونا کے کم کیسز سامنے آنا غیر یقینی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں کم کیسز کی وجہ ٹیسٹ کی محدود صلاحیت اور لوگوں کا ٹیسٹ سے گریز ہوسکتی ہے۔
بل گیٹس نے مزید کہا کہ کچی آبادیوں میں وسیع پیمانے پر وبا کے پھیلاو کا خدشہ ہے اور ایسے ملکوں میں سخت لاک ڈاؤن بھوک اور ہنگاموں کا باعث بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 13 ہزار 800 سے زائد کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 292 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں جیسے جیسے یومیہ ٹیسٹ کی تعداد بڑھ رہی ہے ویسے ویسے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
بھارت میں اب تک کورونا کے 28 ہزار سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 886 اموات ہوچکی ہیں۔ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ امریکا کررہا ہے اور ماہرین کہتے ہیں کہ امریکا میں سب سے زیادہ کورونا کیسز آنے کی وجہ یہ ہے کہ وہ ٹیسٹ بھی سب سے زیادہ کررہا ہے۔
دنیا بھر میں اس وقت کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ سے زائد ہے جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات (55 ہزار 497) امریکا میں ہوئی ہیں۔