پاکستان
Time 27 اپریل ، 2020

شبلی فراز کو وزير اطلاعات مقرر کرنے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیر مقدم

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزير اطلاعات مقرر کیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

جیو نیوز کے  پروگرام  'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں یہی ایک اچھا کام ہوا کہ آپا (فردوس عاشق اعوان)کو گھر بھیج دیا۔

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وہ فردوس عاشق اعوان کا بھی احترام کرتے ہیں تاہم انہیں اپنی زبان پر اختیار نہیں تھا اور آخری دنوں میں انہوں نے ایسی باتیں بھی کہہ دیں جو کہ دہرائی نہیں جاسکتیں۔

ن لیگ کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے کہاکہ شبلی فراز سیدھی بات کرنے والے آدمی ہیں ، طبیعت میں ٹہراؤ ہے اور دلیل سے بات کرتے ہیں۔

محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا تھا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ تحریک انصاف  ان کے ٹہراؤ اور سیدھی بات کہنے کو  برداشت کرتی ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہےاور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کل وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے اور صدر مملکت عارف علوی ان سے وفاقی وزیر کا حلف لیں گے، حلف اٹھانے کے بعد کابینہ ڈویژں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

مزید خبریں :