Time 28 اپریل ، 2020
کھیل

پی سی بی کا بھارتی ویمن ٹیم کو پوائنٹس دینے کیخلاف اپیل میں نہ جانے کا امکان

آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے 15 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ٹیموں کے درمیان 3، 3 پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے— فوٹو: فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان یکساں تقسیم کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جانے کا امکان ہے۔

‏آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں گزشتہ برس پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جانی تھی اور سیریز کی میزبانی بھارت نے کرنا تھی لیکن حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے کی حامی نہ بھری اور اس طرح سیریز ممکن نہ ہوسکی۔

 پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کیا اور اپنا مؤقف پیش کیا تو آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے 15 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ٹیموں کو 3، 3 پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے۔

تین پوائنٹس ملنے کے باعث بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم اگلے برس نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی جبکہ تین پوائنس ملنے کے باوجود پاکستان ٹیم براہ راست کوالیفائی نہ کر سکی اور اب جولائی میں کوالیفائنگ راونڈز کھیلے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی کے اِس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرے گا بلکہ مناسب فورم پر معاملے کو اٹھائے گا اور اس حوالے سے جلد فیصلہ سامنے آجائے گا۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے 15 اپریل کو فیصلہ سنایا، پی سی بی کے پاس 21 روز کے اندر اپیل کا حق ہے، اس طرح پی سی بی کے پاس ابھی وقت ہے، تمام تر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 

مزید خبریں :