Time 28 اپریل ، 2020
پاکستان

ہم کچھ زیادہ لاک ڈاؤن کی طرف چلےگئے، نرمی کرنا ہوگی: گورنر سندھ

کورونا وائرس سے متاثر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ ہم کچھ زیادہ لاک ڈاؤن کی طرف چلےگئے ہیں، ہمیں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا ہوگی۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا سے ڈرنےکی ضرورت نہیں، احتیاط کرنی چاہیے، سندھ سمیت پورے پاکستان میں ٹیسٹ کی شرح بہت کم ہے، ہمیں ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانی چاہیے۔

لاک ڈاؤن کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشی حالات سخت لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے، رمضان میں شاپنگ کا سیزن ہے، بہت سے سفید پوش ہیں جوامداد لینا نہیں چاہتے، تمام صوبوں کو آن بورڈ لےکرفیصلے کیے جائیں۔

اپنے حوالے سے عمران اسماعیل کا کہا تھا کہ دو تین دن پہلےکوروناکی علامات ظاہرہوئی تھیں، ابھی کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں،سارے اسٹاف اور فیملی کا ٹیسٹ کروایا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ محتاط انسان ہیں وہ بھی ٹیسٹ کراتے ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے از خود تنہائی اختیار کرلی ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کے معاملے کو وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں، اختلافات ہونا اچھا ہوتا ہے، قومی سطح پر اتحاد ہے، ہمیں فی الحال اس وبا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔

18 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کوختم کرنےکی خواہش کسی کی نہیں ہے تاہم اس پر نظرثانی کی گنجائش ہے اور بہتری کی کوشش کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 9 مئی تک لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور اس دوران متعدد صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید خبریں :