Time 27 اپریل ، 2020
پاکستان

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا پر اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

ترجمان پی ٹی آئی جمال صدیقی کے مطابق گورنرسندھ نےگزشتہ روز اپنا ٹیسٹ کرایا تھا۔

اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ 'عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے، انشا اللہ ہم اس وبا سےلڑیں گے،  میں نے خودکو آئسولیٹ کرلیاہے، مجھے گزشتہ رات ہی خود کو قرنطینہ کرلینا چاہیے تھا، لیکن آج صبح کیا'۔

 گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 'جن لوگوں سے میری ملا قاتیں رہیں ان کو بتادیا ہے، اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی کرارہا ہوں، عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے، طبیعت بہتر ہے کوئی پریشانی نہیں ہے'۔

عمران اسماعیل نے کس کس سے ملاقات کی؟

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پچھلے دو ہفتے انتہائی مصروف گزارے اور انہوں نے اس دوران اندرون سندھ کے دورے اور ملاقاتیں کیں۔

گورنرسندھ نے 16 اپریل کو کراچی الیکٹرونک مارکیٹ اور تاجروں کے وفد سے ملاقات کی تھی جبکہ 20 اپریل کو مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمان اور شہنشاہ نقوی سے ملاقات کی۔

گورنر سندھ نے 20 اپریل کو دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا دورہ کیا تھا اور اسی روز انجمن تاجران سندھ کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی۔

گورنر سندھ نے 21 اپریل کو معروف صنعت کاروں کے 25 رکنی وفد اور تاجروں سے ملاقات کی تھی۔

گورنر سندھ نے 22 اپریل کو حیدرآباد اور جامشورو میں مصروف دن گزارا جہاں پی ٹی آئی ارکان حلیم عادل شیخ، جمال صدیقی اورسدرا عمران ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد سومرو اور ڈی جی احساس پروگرام نےگورنرکوبریف کیا تھا جبکہ انہوں نے کوٹری میں گرلزکالج میں احساس سینٹر کا دورہ کیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو کے آفس میں گورنرسندھ کوبریفنگ بھی دی گئی جبکہ انہوں نے ضلع مٹیاری میں اپنےاعزاز میں تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

گورنرسندھ نے 24 اپریل کو جیولرزمینیوفیکچرایسوسی ایشن، بیوٹی پارلرایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی تھی جس میں صباح انصاری، نادیہ حسین اور این جی مارشل شامل تھے۔

اسی روز عمران اسماعیل نے فیلڈ آئیسولیشن سینٹر کو حفاظتی لباس دینے کی تقریب میں شرکت کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران اسماعیل نے اندرون سندھ کا دورہ کیا تھا اور اس دوران حیدرآباد، ٹھٹھہ ، سجاول، مٹیاری اور دیگر علاقوں میں گئے تھے اور وہاں احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا تھا۔

اس دورے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران اسماعیل لوگوں کے درمیان کھڑے ہیں اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا گیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے تنقید بھی کی تھی۔

اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب وہ صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گزشتہ دنوں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔

مزید خبریں :