بالی وڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر پاکستانی شوبز اسٹارز بھی غمزدہ

فوٹو: فائل

بالی وڈ کے مقبول ترین اداکار عرفان خان کے انتقال پر بالی وڈ، لالی وڈ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

53 سالہ عرفان خان کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد چند ماہ قبل ہی بھارت واپس آئے تھے۔

گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، بعدازاں طبعیت نہ سنبھلنے پر وہ انتقال کر گئے۔

پاکستانی شوبز ستاروں کی جانب سے اظہار افسوس

بالی وڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر پاکستان شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سجل علی

اداکارہ سجل علی نے عرفان خان کے انتقال پر حیرانی اور افسوس کا اظہار کیا۔

ارمینا رانا خان

اداکارہ ارمینا رانا خان نے کہا کہ آج میں بے حد افسردہ ہوں، میں عرفان خان کے کام کی مداح ہوں، خاص طور پر ان کی فلم 'لائف آف پی' کی۔

 اداکارہ نے مزید کہا کہ عرفان خان کا انتقال فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔  

اشنہ شاہ

اداکارہ اشنہ شاہ نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان اداکاری کے میدان میں ایک خلا چھوڑ گیا ہے جسے پورا کرنا مشکل ہے۔

شان شاہد

لالی وڈ اداکار شان شاہد نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

خیال رہے کہ 2017 میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بالی وڈ اداکار عرفان خان کے فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کیا تھا۔

مزید خبریں :