29 اپریل ، 2020
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہناہے کہ وکٹ کیپر کے لیے فٹنس اور اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے، سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر اعصابی طور پر مضبوط ہیں۔
سابق کرکٹرز کی جانب سے موجودہ کرکٹرز کو آن لائن سیشنز کے ذریعے مشورے دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
وکٹ کیپرز کے لیے منعقدہ سیشن میں سرفراز احمد، محمد رضوان اور انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر روحیل نذیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر کسی بھی ٹیم کا سب سے اہم رکن ہوتا ہے،اس کا ایک اچھا کیچ اور رن آؤٹ ٹیم کو فتح دلاتا ہے۔
راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر اعصابی طور پر مضبوط ہیں، انہوں نے تینوں کھلاڑیوں کو سابق انگلش وکٹ کیپرز ایلن ناٹ اور جیک رسل کی ویڈیوز دیکھنے کی ہدایت کی۔
سابق کپتان نے کہا کہ وکٹ کیپر کے لیے بیلنس ضروری ہے، معین خان کے پاؤں کی مضبوطی نے ان کے کیریئر کو طول دیا۔
راشد لطیف نے بتایا کہ وہ میدان میں اپنے آپ کو تازہ دم رکھنے کے لیے سِلپ میں کھڑے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے رہتے تھے۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، بولنگ کوچ وقار یونس اور ٹیم منیجمنٹ کے رکن شاہد اسلم بھی موجود تھے۔