29 اپریل ، 2020
وزارت صحت نے پاکستان میں کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے کی گئی اشیاء کی خریداری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلات مانگ لیں۔
جیونیوز نے ڈائریکٹر وزارت صحت ڈاکٹرکاشف حسین کی طرف سے این ڈی ایم اے کو لکھے گئے خط کی نقل حاصل کرلی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے ملک میں کورونا کی نشاندہی کے بعد سے این ڈی ایم اے سے اب تک خریدی گئی اشیاءکی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خط لکھنےکا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے 14 اپریل کےاجلاس میں کیاگیا تھا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسے این ڈی ایم اےکی طرف سےکی گئی خریداریوں پرکچھ تحفظات ہیں، این ڈی ایم اے کی طرف سےخریدی گئی اشیاء اوران کی تقسیم کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
حکام وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسے خریدے گئے ہر سامان کی فہرست فراہم کی جائے اور اس کی سپلائی کی فہرست بھی فراہم کی جائے، اس کے ساتھ مقامی طور پر کی گئی خریداری اور بیرون ممالک سے منگوائی گئی اشیاء کا ڈیٹا بھی بھیجاجائے۔
خط میں این ڈی ایم اےکومستقل بنیادوں پرخریداری اورخریدی گئی اشیا کی تقسیم کی تفصیل بھیجنےکا بھی کہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی سامان، ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر آلات این ڈی ایم اے کی جانب سے ملک بھر کے اسپتالوں میں براہ راست بھجوائے جارہے ہیں اور این ڈی ایم اے کے موجودہ چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ہیں۔