Time 29 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 16 اموات، ہلاکتیں 343 اور مجموعی کیسز 15504 ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس نے مزید 16 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15504 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ اور پنجاب میں 100،100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

28 اپریل  کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔

کُل ٹیسٹ: 165،911
صحتیاب مریض: 
3،425 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 717 کیسز سامنے آئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا 153 کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد 36، بلوچستان سے 121 اور گلگت بلتستان سے 3کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

صوبے میں آج کورونا کے مزید 404 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5695  ہوگئی ہے جب کہ اب تک کل 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 208 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1169 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 121 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 974 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں سب سےزیادہ 646کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب حکومت کی جانب سے بدھ کو کورونا وائرس کے حوالے سے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

 منگل کو پنجاب میں کورونا وائرس کے 187 کیسز سامنے آئے تھے اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے تھے ۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں۔

صوبے میں اب تک کورونا سے 1510 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 153 نئے کیسز اور 8 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2313 اور ہلاکتیں 122 ہوگئیں۔ 

خیبرپختونخوا میں اب تک 614 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 333 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مزید 4 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 228 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی بدھ کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے تھے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کورونا سے جاں بحق ہیلتھ ورکرز کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

وفاقی حکومت نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سندھ میں یوم علیؓ سمیت ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد

محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک میں صوبے بھر میں ہر قسم کے جلسے جلوس پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر

ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔ 

مزید خبریں :