30 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اتنے ڈرپوک نکلے کہ کورونا کی وجہ سےپورا ملک بند کر دیا۔
عمران خان نے کامسٹیک میں طبی مصنوعات کی نمائش کا دورہ کیا اور اس موقع اپنے خطاب میں کہا کہ خود اعتمادی لوگوں کو مشکلات سے نبرد آزما ہونےکے قابل بناتی ہے اور جب قوم خود پر اعتماد کرنا شروع کر دیتی ہے تو آگے بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی میں بہت پوٹینشل ہے، جو ملک نیوکلیئرہتھیار بنا سکتا ہے اس کے لیے وینٹی لیٹر بنانا کون سا مشکل کام ہے؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ہر چیزکو امپورٹ کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے اسپتال درست کرنے ہیں اور انہیں بہتر بنانا ہے، پہلے سارے لوگ علاج کرانے باہر جاتے تھے اب تو یہ لوگ باہر بھی علاج نہیں کرا سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ جب تک وزراء سرکاری اسپتالوں میں علاج نہیں کرائیں گے اسپتال بہتر نہیں ہونگے جب کہ پیسے والے لوگ سرکاری اسپتالوں میں جانے کا سوچتے بھی نہیں، آج صاحب اقتدار چاہیں تو بھی بیرون ملک علاج نہیں کرا سکتے۔
پڑوسی ملک بھارت کے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مودی اتنا ڈرپوک نکلا کہ کورونا کی وجہ سے پورا ملک بند کر دیا، مودی نے غریب لوگوں کا سوچا ہی نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا امیراورغریب میں فرق نہیں کرتا، کورونا نے ہمیں سکھایا کہ اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہے، حکمران اشرافیہ نے فیصلہ کیا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کرنا ہے لیکن کسی نے لاک ڈاؤن کرتے ہوئے دیہاڑی دار طبقے کا سوچا ہی نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں گزرگیا اب قوم کو ایک ویژن دیں گے، یہ ویژن کسی چھوٹے طبقے کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہو گا، ملک کوایک وژن کے تحت آگے لے کرجائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 1079 افراد ہلاک جب کہ 33 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 3 مئی تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔