Time 30 اپریل ، 2020
کاروبار

صدر موبائل مارکیٹ کی زیادہ تر دکانیں کھل گئیں

کراچی کے علاقے صدر میں  تقریباً ایک ماہ سے زائد عرصے کے  بعد موبائل مارکیٹ کی زیادہ تر دکانیں کھول دی گئیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کیا گیا تھا جس کے بعد سے مارکیٹیں بند تھیں۔

گذشتہ دنوں سندھ حکومت نے  تاجروں کو کاروبار کرنے کی مشروط اجازت دی تھی جس کے تحت  تاجر پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے 3 بجے کے درمیان آن لائن کاروبار کر سکیں گے۔

حکومت کی جانب سے بتائے گئےضابطہ کار کے مطابق دکاندار شٹر گرا کر اپنی چیزیں فروخت کرسکتے ہیں، جس پر عمل کرتے ہوئے دکاندار شٹر گرا کر دکان کے باہر ہی بیٹھ کر گاہکوں کا انتظار کرتے رہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت آئندہ جمعے کے بعد سے صوبے میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی پر غور کررہی ہے اور ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اس حوالے سے جلد وزیر اعظم عمران خان سے بات کریں گے۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 112 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :