30 اپریل ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تخمینےکی نسبت کورونا سے اموات اور کیسز کی تعداد کم ہے۔
وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے کورونا سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر ظفرمرزا نے بتایا کہ پاکستان میں 15800 کے قریب افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 4 ہزار کے قریب لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی حفاظت کےلیے فکرمند ہیں، دنیا بھرمیں فرنٹ لائن ورکرز میں متاثرہونےکی شرع 12 فیصد ہے۔
ظفرمرزا نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کےلیے پیکج کا اعلان چند دنوں میں ہوجائےگا، پاکستان میں حفاظتی کٹس کی دستیابی کا مسئلہ نہیں ہے، این 95 کے علاوہ تمام حفاظتی سامان مقامی سطح پر تیار ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے حکمت عملی تیار کی ہے کہ تمام سامان اسپتالوں میں براہ راست پہنچایاجائےگا اور حفاظتی سامان کے استعمال کےلیے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تربیت دی جائےگی۔
ظفرمرزا نے کہا کہ 17 ہزار سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کو خدمات کےلیے سوال نامہ بھیج رہےہیں، ان افراد کو مقامی سطح پر سرگرمیوں میں شامل کریں گے۔
معصوم لوگوں کے پیسوں میں کٹوتی کرنےوالوں کو جیل بھیجاجائےگا، ثانیہ نشتر
اس موقع پر احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کا آج 22 واں دن تھا ، اضلاع، شہروں میں امدادکی تقسیم کی تفصیلات ویب سائٹ پردی ہیں، امداد کی شفافیت کو یقینی بنانےکےلیےتمام تفصیلات 10 دن پہلےشائع کی تھیں۔
ثانیہ نشتر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ایس ایم ایس سروس 8171 کی بنیاد پر رقم تقسیم کررہے ہیں، بدعنوانی میں ملوث افراد کےخلاف حکومت متحرک ہے، معصوم لوگوں کے پیسوں میں کٹوتی کرنےوالوں کو جیل بھیجاجائےگا، کچھ لوگوں نے انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق نہ ہونےکی شکایت کی ہے، نادرا کے دفاتر میں ان افراد کے انگوٹھوں کی تصدیق ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ حقداروں کو امداد نہ ملنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، احساس پروگرام کی جانب سے کنفرمیشن پیغام ملنے کے بعد امداد مل سکتی ہے، چاہتے ہیں رقم کی تقسیم کے سینٹروں پر رش نہ لگے، تمام افراد مقررہ تاریخ میں ہی رقم وصول کرنے جائیں۔