30 اپریل ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے قانون کی کھلی توہین قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف عدالتی حکم کے تحت بیرون ملک علاج کے لیےگئے ہیں، شریف خاندان، نواز شریف اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب کا اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے، نوازشریف لندن میں زیر علاج ہیں، نیب کا اقدام سراسر بدنیتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان پوری قوم کواپنے سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا رہا ہے، نوازشریف کا 34 سال پرانےکیس میں وارنٹ جاری کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے، نواز شریف پاکستان اور عوام کے محسن ہیں، انہوں نے پاکستان کو دنیا میں ساتویں جوہری قوت منوایا۔
ن لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک سےغربت،مہنگائی، دہشت گردی اور بے روزگاری کےاندھیرے دور کیے اور پاکستان میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کورونا کی روک تھام اور غریبوں کوریلیف کی فراہمی میں ناکام ہوچکے ہیں اس لیے عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے گذشتہ دنوں اراضی کیس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف طبی بنیاد پر ضمانت ملنے کے بعد 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔
رواں سال 25 فروری کو پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے وفاق کو کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔