Time 01 مئی ، 2020
کھیل

’باسط علی بھی میچ فکسنگ کا اعتراف کر چکے، سلیم ملک کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے‘

پاکستان کر کٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف عباسی کا کہنا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹ باسط علی بھی میچ فکسنگ کا اعتراف کر چکے ہیں لیکن صرف سلیم ملک کو نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

سابق سی ای اوپی سی بی عارف عباسی کا کہنا ہے کہ 1994 میں سری لنکا کے دورے کے بعد منیجر انتخاب عالم نے بتایا کہ باسط علی نے فکسنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بطور پی سی بی چیف ایگزیکٹو انتخاب عالم کو ٹور رپورٹ میں واقعہ درج کرنے کو کہا لیکن افسوس کہ انتخاب عالم نے اپنی رپورٹ میں اس واقعے کا ذکر نہیں کیا، انتخاب عالم نے واقعے کا ذکر نہ کرکے غلط کیا۔

سلیم ملک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عارف عباسی نے کہا کہ سلیم ملک کو کیوں نشانہ بنایا جاتا رہا سمجھ سے باہر ہے، سابق کپتان سلیم ملک کو مسلسل ٹارچر کیا گیا۔

عارف عباسی نے مزید بتایا کہ سلیم ملک کی انکوائری سابق چیف جسٹس فخر الدین جی ابراہیم سے کرائی گئی تھی، فخر الدین جی ابراہیم نے اپنی رپورٹ میں سلیم ملک کو بے قصور قرار دیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سلیم ملک پر الزام لگانے والے آسٹریلین کرکٹر کو غلط بیانی پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا، ایک بار انکوائری کے بعد دوسری بار انکوائری کی کیا ضرورت تھی، فخر الدین جی ابراہیم کے بعد جسٹس قیوم کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں تھی۔

مزید خبریں :