Time 01 مئی ، 2020
کاروبار

اسٹیٹ بینک نے اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کیلئے قرض کی حد 50 کروڑ روپے کردی

اسٹیٹ بینک نے کورونا کے خلاف جنگ کیلئے اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کو رعایتی قرض کی حد 20کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کردی۔

پہلے بینک اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کو صرف 20 کروڑ روپے قرض دے سکتے تھے لیکن اب مرکزی بینک نے اس کی حد کو بڑھادیا ہے۔

اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق کمرشل بینکوں کو اس مد میں صفر شرح سود پر پیسہ فراہم کیا جائےگا جبکہ بینک زیادہ سے زیادہ 3 فیصد شرح سود پر یہ قرض اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز کو دے سکیں گے۔

بینکوں کے پاس 23 اسپتالوں کی 3 ارب 60 کروڑ روپے کی درخواستیں زیر غور ہیں تاہم مرکزی بینک نے 11 اسپتالوں کیلئے اس مد میں 2 ارب 20 کروڑ روپے منظور کرلیے ہیں۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک ماہ کے دوران شرح سود میں 4 اعشاریہ 25 فیصد کمی کی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری لاک ڈاؤن میں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے قرض اسکیم بھی متعارف کرائی ہے۔

مزید خبریں :